پشاور: کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پشاور پولیس لائن میں دھماکہ میں ملوث دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایڈیشنل آء جی سی ٹی ڈی شوکت عباس نے پشاور پولیس لائن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ دھماکے میں ملوث ماسٹر مائنڈ کو ٹریس کیا گیا ہے جن کا نام غفار عرف سلیمان اور خودکش بمبار کا نام قاری تھا۔ انہوں نے کہاکہ 300 کیمروں کی مدد سے خودکش حملہ آور کے ہینڈلر کی نشان دہی کی گئی اور جلد انہیں بھی گرفتار کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر خودکش حملہ ور دھماکہ کرنے میں ناکام ہوتا تو دھماکے کے لئے دوسرا خودکش حملہ آور بھی تیار کیا گیا تھا۔ ایڈیشنل آء جی کے مطابق گرفتار دونوں دہشت گردوں نے افغانستان میں قندوز میں تربیت حاصل کی تھی اور وقوعہ کے روز حملہ آور اور ان کے سہولت کار رابطے میں تھے۔ واضح رہے کہ پشاور پولیس لائن میں دھماکے میں 90 کے قریب افراد شہید ہوگئے تھے۔